گلبرگہ یکم دسمبر(اعتماد نیوز): ریاستی وزیر مالگذاری وی سرینواس نے کہا ہے
کہ آفات سماوی فنڈ سے کرناٹک کو مرکزی حکومت سے 3212کروڑ روپیوں کی امداد
وصول طلب ہے ۔ وہ آج یہاں اخباری نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے ، وزیر
مالگذاری کابینہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے گلبرگہ آئے ہوئے تھے اور پچھلے
دو یوم سے وہ گلبرگہ میں ہی مقیم تھے ، اُنہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں
سدرامیا کی زیر قیادت کانگریس آئی حکومت کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد کرناٹک
کو 5مرتبہ آفات سماوی سے دوچار ہونا پڑا ہے ۔ مانسون کی ناکامی کے نتیجہ
میں پہلی مرتبہ ریاست کے125تعلقہ جات اور دوسری مرتبہ 35تعلقہ جات خشک سالی
سے متاثر ہو ئے ہیں ، وزیر مالگذاری نے مزید بتایا کہ
مارچ2014میں ہوئی
غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کے سبب ریاست کے 14اضلاع میں زبردست نقصانات
ہوئے جبکہ دو ماہ قبل ہوئی موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں ریاست 8اضلاع میں
فصلیں تباہ ہوئیں اورسرکاری و عوامی املاک کو کروڑ وں روپیوں کا نقصان
پہنچا۔ ریاستی حکومت 154کروڑ روپیوں کی امداد تقسیم کی ہے اور مرکزی حکومت
سے 789کروڑ روپیوں کی امداد طلب کی تھی ۔ ریاستی حکومت نے دوسرے مرحلہ
میں147کروڑ روپیوں کی امداد طلب کی ۔ سیلاب اور خشک سالی کے متاثرین کی
امداد کے لئے مرکز سے مزید3212کروڑ روپیوں کی امداد وصول طلب ہے ۔ رکن
اسمبلی چنچولی ڈاکٹر اومیش جادھو ، ریجنل کمشنر گلبرگہ آدتیہ املن بسواس
اور ڈپٹی کمشنر گلبرگہ ویپل بنسل اس موقع پر موجود تھے ۔